اسلام آباد (محمد صالح ظافر) بھارتی حکومت کے روسی صدر پیوٹن کے عشائیے میں اپوزیشن لیڈرز کو مدعو نہ کرنے پر تنازع، کانگریس کا شدید احتجاج، راہول گاندھی کا کہنا تھا حکومت غیر ملکی مہمانوں کو ہم سے ملنے سے روکتی ہے، بھارتی روایات سے ہٹتے ہوئے بھارتی لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی اور راجیہ سبھا (ایوانِ بالا) کے قائدِ حزبِ اختلاف ملکارجن کھڑگے کو روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں مدعو نہیں کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس جس نے روس اور بھارت کے درمیان تاریخی دوستی کی بنیاد رکھی تھی نے حکومت کے اس فیصلے پر سوال اٹھائے ہیں۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راجیو شکلا نے قائدِ حزبِ اختلاف کو دعوت نہ دینے کو ’’عجیب‘‘ قرار دیا ہے۔ کانگریس کے رکن ششی تھرور اس تقریب میں مدعو افراد میں شامل تھے اور بی جے پی نے ششی تھرور کو دعوت دینے کا دفاع کیا ہے۔