پیرس - رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) سابق فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اپنی تازہ ترین کتاب میں بیس روزہ تنہائی قید کے دوران گزرے لمحات، ذہنی کیفیت اور عدالتی عمل سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں۔ کتاب میں شامل اقتباسات بدھ کے روز سامنے آئے، جنہوں نے فرانسیسی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سارکوزی نے اپنی تحریر میں دعویٰ کیا ہے کہ قید کے ایام نے انہیں ’’خاموشی کی ایک ایسی دنیا‘‘ میں دھکیل دیا جہاں وقت اور شور دونوں اپنی معنویت کھو بیٹھے تھے۔ وہ لکھتے ہیں کہ تنہائی نے انہیں اپنی سیاسی زندگی، فیصلوں اور انسانوں کے بدلتے رویّوں پر ازسرِنو غور کرنے کا موقع دیا۔ سابق صدر کے مطابق یہ تجربہ ’’انتہائی کڑا‘‘ تھا، مگر اسی تنہائی نے انہیں ’’خود سے مکالمے‘‘ اور ’’اندرونی سچائیوں‘‘ سے روبرو ہونے کا حوصلہ دیا۔