لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی لوک سبھا کے اجلاس میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی ہوئی جب انتخابی اصلاحات اور اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) پر ہونے والی بحث کے دوران اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے ممبر پارلیمینٹ راہول گاندھی نے حکومت، الیکشن کمیشن اور آر ایس ایس پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت انتخابی نظام کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کر رہی ہے اور اگلے انتخابات میں اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے مختلف قوانین میں تبدیلیوں کے ذریعے الیکشن کمیشن کی خود مختاری کو کمزور کر رہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت نے الیکشن کمشنرز کی تقرری کے طریقۂ کار میں ترمیم کرکے چیف جسٹس آف انڈیا کو سلیکشن پینل سے باہر کر دیا جس سے انتخابی عمل کا توازن بگڑ گیا اور حکمران جماعت کو غیر منصفانہ فائدہ مل گیا۔