• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں انسان ہوں فرشتہ نہیں، الفاظ کے غلط چناؤ پر معافی چاہتی ہوں: ندا یاسر کی رائیڈرز سے عوامی معافی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے خلاف توہین آمیز بیان دینے والی پاکستانی معروف میزبان ندا یاسر نے اپنے لائیو پروگرام میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کا مطالبہ پورا کر دیا۔

حال ہی میں ندا یاسر نے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بارے میں کہا تھا کہ یہ رائیڈر اکثر آرڈر ڈلیور کرتے وقت بقایا رقم ساتھ نہیں رکھتے اور یوں صارفین سے اضافی روپے لے لیتے ہیں۔

اس پروگرام سے مذکورہ مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو میزبان کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز بھی میدان میں آگئے اور ندا یاسر سے عوامی معافی کا مطالبہ کردیا۔

اب ندا یاسر نے اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے اپنے لائیو پروگرام میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کا مطالبہ پورا کیا اور عوامی معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ میرے بیان سے جن رائیڈرز کو تکلیف پہنچی ان سے سچے دل سے معافی مانگنا چاہتی ہوں، الفاظ کے چناؤ میں مجھ سے غلطی ہوگئی، عام زندگی میں بھی بات کرتے ہوئے ایسی غلطی کبھی کبھی ہوجاتی ہے، میرا شو لائیو ہے، ریکارڈ شدہ نہیں ہے اس لیے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے ایسی غلطی ہوگئی۔

میزبان نے کہا کہ مجھے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے مجھے ’کچھ‘ کا لفظ استعمال کرنا چاہیے تھا، میں نے پوری کمیونیٹی کے لیے ایسا نہیں کہا تھا صرف کچھ رائیڈرز ایسا کرتے ہیں، کیونکہ پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتی۔ زیادہ تر رائیڈرز ایماندار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا، میں 17 سال سے یہاں لوگوں کو تفریحی مہیا کر رہی ہوں، مجھے واقعی لوگوں کی تکلیف کا احساس ہوتا ہے، میں 17 سال تک ڈرامہ نہیں کرسکتی۔ میرے دل میں جو ہوتا ہے وہ زبان پر آجاتا ہے لیکن میں بھی انسان ہوں فرشتہ نہیں کبھی کبھی الفاظ کے غلط چناؤ سے دل کی بات کسی اور انداز میں بیان ہوجاتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید