بھارتی کامیڈین اور مزاح کے بادشاہ کپل شرما بھارت کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک بڑا نام ہیں، کئی برسوں سے سرگرم کپل شرما اپنی بے مثال حسِ مزاح، بہترین ٹائمنگ اور ون لائنرز کی بدولت ایک بڑے اسٹار کے طور پر ابھرے ہیں جس میں وہ کبھی ناکام نہیں ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2015ء میں انہوں نے فلم ’کس کس کو پیار کروں‘ کے ذریعے فلمی اداکاری میں قدم رکھا، جس میں انہوں نے ایک یا دو نہیں بلکہ تین شادیاں کیں۔
اب پہلی فلم کے تقریباً ایک دہائی بعد اس کا سیکوئل ’کس کس کو پیار کروں 2‘ کے نام سے گزشتہ ہفتے بھارتی سنیماؤں میں ریلیز ہوا ہے، اس فلم کے بارے میں انٹر نیٹ صارفین کیا کہتے ہیں وہ درج ذیل ہیں۔
کپل شرما کی بطور کامیڈین صلاحیتیں مداحوں کو محظوظ کرنے میں کبھی ناکام نہیں ہوئیں، لیکن ان کی بطور اداکار فلم ’کس کس کو پیار کروں 2‘ میں کارکردگی پر ناظرین کی آراء ملی جلی رہی ہیں۔
اداکارہ عائشہ خان، پارول گلاتی، تریدھا چوہدری اور وارینا حسین جمعے کو ریلیز ہونے والی فلم میں کپل کی کئی بیویوں کے کردار میں نظر آئیں۔
کچھ مداحوں نے فلم کو کافی سراہا جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف نے فلم میں کپل شرما کی منجوت سنگھ کے ساتھ ہم آہنگی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ سیکوئل اصل فلم سے بہتر نکلے، اس فلم میں اچھی کامیڈی ہے، کچھ بھی تھوپا ہوا محسوس نہیں ہوتا اور لطیفے واقعی اثر کرتے ہیں، بے مزہ نہیں لگے۔
ایک صارف نے کپل اور منجوت سنگھ کی جوڑی کو لاجواب قرار دیا اور کہا کہ دونوں ایسے لگتے ہیں جیسے دو بہترین دوست ہوں۔
ایک اور مداح کا کہنا ہے کہ یہ تو ہنسی کا ہنگامہ ہے، شروع سے آخر تک مزاح کا رولر کوسٹر ہے، کپل اور منجوت پاجی دونوں چھا گئے۔