• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر ڈی اے کا شیر پاؤ کالونی و موہن پور میں غیر قانونی کمرشل تعمیرا ت کیخلاف آپریشن

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایات پر آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ نے شیرپاؤ کالونی اور موہن پورہ کالونی میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف گزشتہ روز بھرپور آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پراپرٹی نمبر 2، 2-اے اور پلاٹ نمبر 61 پر قائم غیر قانونی عمارات کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے بینک الفلاح، شو روم، زیرِ تعمیر عمارت سمیت دیگر غیر قانونی کمرشل پراپرٹیز کو سیل کر دیا گیا۔ یہ کارروائیاں پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ متعلقہ پراپرٹی مالکان عمران شیخ اور شیخ محمد مسعود نے بغیر منظوری اور این او سی حاصل کیے غیر قانونی تعمیرات کر کے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے انفورسمنٹ اسکواڈ کو ہدایت کی ہے کہ تمام تجاوزات اور غیر قانونی رہائشی و کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلاخوف و خطر اور بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے غیر قانونی عمارات کی منظوری، کمرشلائزیشن، کمپلیمنٹری نقشہ جات اور تعمیراتی منصوبوں کی فیس و چارجز سے متعلق جامع سروے کرنے اور آر ڈی اے کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں موجود غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارات کو ریگولرائز کرنے کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آر ڈی اے منظم شہری ترقی اور مؤثر ریگولیٹری نظام کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
اسلام آباد سے مزید