اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور انڈونیشیا کی جامعہ ایئرلانگا کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد مادیان کے مابین ملاقات ہوئی، جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی غور کیا گیا، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد مادیان عالمی یونیورسٹی ایسوسی ایشن برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے چیئرمین بھی ہیں،ملاقات میں کامسٹیک، ڈبلیو یو اے سی ڈی اور یونیورسٹی آف ایئرلانگا کے درمیان باہمی طور پر متفقہ تعلیمی و ترقیاتی پروگرامز کے تحت تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبے، استعداد کار بڑھانے کے پروگرامز اور پائیدار ترقی سے ہم آہنگ کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جنہیں 2026 میں عملی شکل دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔