اسلام آباد( نیو زرپورٹر)چیئر مین سی ڈی اے و چیف کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ کرسمس کا تہوار ہمیں ایثار، قربانی، صبر اور انسانیت سے محبت کا پیغام دیتا ہے جو ہر معاشرے میں ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے اورآج ہم اس بابرکت تقریب کے موقع پر اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے ان خیا لات کا اظہار سی ڈی اے مزدوریونین (سی بی اے) کے زیر اہتمام کرسمس اور نئے سال کے حوالے سے تقریب سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ سیکٹرG-6میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں کرسمس اور نئے سال کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔چیئر مین سی ڈی اے نے کہا کہ ہم سی ڈی اے ملازمین کے مسائل سے بخوبی آگا ہ ہیں اور بطورادارہ سربراہ ہم سینی ٹیشن کے دوران ڈیوٹی حادثے کا شکار ہونے والے ملازم عثمان انورکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ ان کے خاندان کو پوراانصاف دلوائیں گے اور انکے ورثاء کو ادارے کی طرف سے ایک بہترین پیکیج دیا جائے گا تاکہ ان کے گھر کا چولہا چلتا رہے اور تمام سینی ٹیشن ملازمین کے اوورٹائم،خطرہ الاؤنس سمیت دیگرمسائل حل کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ کرسمس کا تہوارامن اور بھائی چارے کا درس دیتاہے اور آج ہم یقینا ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں اورآج کے دن کی مناسبت سے تمام مسیحی برادری کو مبارکبادپیش کرتے ہیں،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہمیشہ رنگ،نسل اورمذہب سے بالاترہوکر تمام ملازمین کی خدمت کی ہے ۔