• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین ایچ ای سی کا تقرر پھر التوا کا شکار، سمری مسترد ہونے کی افواہیں

کراچی( سید محمد عسکری)چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تقرر کا معاملہ ایک بار پھر التوا کا شکار ہوگیا ہے اور دو ہفتے گزرنے کے باوجود وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے سمری کی منظوری نہ ہونے کے باعث افواہیں پھیلنا شروع ہو گئی ہیں اور قیاس آرائیوں نے جنم لے لیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس نے سمری پر اعتراض کرتے ہوئے سمری واپس وزارت تعلیم و پیشہ ود تربیت بھجوا دی ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مستقل چیئرمین کی تقرری کے لئے انٹرویوز کو پانچ ہفتے سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے تاحال مستقل چیئرمین کی تقرری نہ ہو سکی، جس کے باعث ادارہ جاتی گورننس، شفافیت اور قانونی تقاضوں پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں کیونکہ مستقل چیئرمین کی اسامی 29 جولائی 2025 سے خالی ہے اور سکریٹری ایجوکیشن ندیم محبوب بطور قائم مقام چیئرمین روزمرہ امور انجام دینے کی بجائے ایسے فیصلے کررہے ہیں جو مستقل چیئرمین کو کرنے چاہئیں۔ وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دو ہفتے قبل سرچ کمیٹی کی سفارش پر 3نام وزیر اعظم کو ارسال کئے تھے اور 23 برس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مکمل میرٹ پر مستقل چیئرمین کا تقرر ہونے جا رہا تھا، ان تین امیدواروں میں پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر ڈاکٹر محمد علی شاہ، اور ڈاکٹر نیاز احمد شامل تھے- وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا وزیر اعظم ہاؤس سے سمری مسترد ہونے کی بات میں کوئی صداقت نہیں اور نہ مجھے اس کی کوئی اطلاع ہے ہم میرٹ پر امیدواروں کا انتخاب کرچکے ہیں اور اب بال وزیر اعظم پاکستان کے کورٹ میں ہے کہ وہ کسے چیئرمین مقرر کرتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید