کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر کنفیوژن مزید بڑھتی جا رہی ہے، اپوزیشن کی رضامندی کے باوجود حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔تجزیہ کار منصور علی خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سہیل آفریدی کو قابلِ اعتماد نہیں سمجھتی۔ ماہر معیشت محمد سہیل نےکہا کہ گزشتہ چار سے چھ ماہ میں اسٹاک مارکیٹ کو سب سے زیادہ سہارا لیکویڈیٹی نے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار منصور علی خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا لاہور کا تین روزہ دورہ دراصل پارٹی کی زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے تھا، تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کارکنان میں کتنا جوش و جذبہ موجود ہے اور آیا وہ سڑکوں پر نکلنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں۔انہوں نے بتایا کہ دستیاب رپورٹس کے مطابق صورتحال تحریک انصاف کے لئے زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہی، خصوصاً لبرٹی چوک پر دی گئی کال کے باوجود ایک ہزار افراد بھی جمع نہ ہو سکے۔