راولپنڈی (حافظ وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی بہنوں سمیت کسی کی ملاقات نہ ہوسکی ، علیمہ خان اور بانی کی دیگر بہنوں نے دیگر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ جیل کے باہر دھرنا دے دیا، اس موقع پر علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ ہمیں گھسیٹیں ،ماریں ،واٹر کینن چلائیں ، ہم نہیں اٹھیں گے۔منگل کو بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کادن تھا ،اڈیالہ جیل کے اطراف میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ،دفعہ 144نافذ تھی ،گورکھ پور ناکے پر اینٹی رائٹ بیرئیر لگائے گئے تھے ،راولپنڈی پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی ،واٹرکینن بھی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچا دیاگیا تھا،علیمہ خان اور ان کی بہنیں ملاقات کے لئے آئیں لیکن انہیں پولیس ناکے پر روک لیا گیا، تحریک انصاف کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھی جو مسلسل عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ،بانی سے ملاقات کے لئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر خان ،طاہر سلطان، ملک شجاعت جندراں، محمد مدثر اور احمد ندیم گورایہ سمیت دیگر رہنما جیل کے باہر پہنچے تھے لیکن کسی کوبھی عمران خان سے ملنے نہیں دیاگیا۔