اسلام آباد(اے پی پی)حکومت پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 304.5 ملین ڈالر(85ارب 30کروڑروپے) مالیت کے دو بڑے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق منصوبوں پر دستخط ہوگئے ۔ان منصوبوں میں 180.5 ملین ڈالر مالیت کا سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ اور پنجاب کلائمٹ ریزیلینٹ اور 124 ملین امریکی ڈالر مالیت کا لو کاربن زرعی مشینری منصوبہ شامل ہے۔ سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد حمیر کریم نے اس موقع پربتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے، قدرتی آفات کے خطرات میں کمی اور پائیدار زرعی ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے اے ڈی بی کے تعاون سے دو بڑے قومی منصوبوں پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ یہ منصوبے نہ صرف پاکستان کے ساحلی اور زرعی علاقوں کو موسمیاتی اثرات سے محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے بلکہ معاشی استحکام، غذائی تحفظ اور شمولیتی ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی نمایاں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبہ مربوط آبی وسائل اور سیلابی خطرات سے بچاؤ کے انتظام کو فروغ دے گا، اس سے قدرتی بنیادوں پر ساحلی حفاظتی اقدامات کی بحالی میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ 140.5 ملین ڈالر (جس میں 140 ملین ڈالر قرض اور 0.5 ملین ڈالر تکنیکی معاونت گرانٹ شامل ہیں)، 40 ملین امریکی ڈالر گرین کلائنٹ فنڈسے اور 20 ملین امریکی ڈالر حکومت سندھ کی جانب سے بطور کاؤنٹرپارٹ فنڈنگ فراہم کیے جانے سے مکمل ہوگا۔