• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ، 3 ٹاؤنز کے 21 سرکاری بلدیاتی اسکولز TCF کے حوالے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں صوبے بھر میں زمینوں کے ریکارڈ کی ای ٹرانسفر اورڈیجیٹائزیشن کے لیے سندھ لینڈ ریونیو بل کی منظوری‘ موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس کا نفاذ، ڈینش اسکولوں کے لیے زمین کی فراہمی‘بین الصوبائی رابطہ محکمے کے کردار کی تنظیم نو اور صوبائی و ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال27-2026کے لیے رہنما اصولوں کی منظوری شامل ہے۔علاوہ ازیں ملیر، چنیسر اور لیاری ٹاؤن کے 21منتخب سرکاری بلدیاتی اسکول ٹی سی ایف کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دی گئی ‘ٹی سی ایف اسکولوں کی تعمیر، مرمت اور انتظامی امور کی ذمہ دار ہوگی، معاہدہ 25 سال کے لیے طے، بعد میں باہمی رضا مندی سے توسیع ہو سکے گی ، کابینہ نے صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے 2.9 ارب روپے کی بھی منظوری دی۔اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا۔کابینہ نے سندھ لینڈ ریونیو (ترمیمی) بل میں ترامیم کی منظوری دی جن کے تحت زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور صوبے بھر میں زمین کے مالکانہ حقوق کی ای ٹرانسفر کا نظام متعارف کرایا جائے گا اور بل کو سندھ اسمبلی کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ اسمبلی سے بل کی منظوری کے بعد اس قانون کا نفاذ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید