پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی بھی نیلامی کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کے معاملات خود چلانے کا اعلان کیا تھا۔ نئی پیش رفت کے مطابق پی سی بی اب ملتان سلطانز کو بھی فروخت کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی آکشن پی سی بی کی توقعات سے بڑھ کر رہی، دو نئی ٹیموں کی اچھی قیمت ملنے کی وجہ سے اب ملتان سلطانز کی بھی آکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی سمجھتا ہے کہ ملتان سلطانز بھی فروخت کرنے کا اس سے اچھا وقت نہیں، ملتان سلطانز کی بھی اوپن بڈنگ ہو گی، جلد اشتہار دیا جائے گا، قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کےبعد جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو فرنچائزز کی ریکارڈ فروخت اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد ملتان سلطانز لینے میں خواہشمند سامنے آ گئے، پی سی بی پرامید ہے کہ ملتان سلطانز آکشن میں اچھی قیمت میں فروخت ہو گی۔
واضح رہے کہ حالیہ آکشن میں پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کیں۔ پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں ہوں گی جس میں حیدر آباد اور سیالکوٹ بھی شامل ہے۔