آسٹریلیا نے بھارتی طلبہ کے لیے ویزا کی جانچ کا عمل مزید سخت کردیا۔ آسٹریلیا نے بھارتی طلبہ کو ’ہائیسٹ رسک کیٹیگری‘ میں شامل کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی درجہ بندی کے بعد بھارتی طلباء کی مالی حیثیت، تعلیمی پس منظر، انگریزی ٹیسٹ کو زیادہ سختی سے پرکھا جائے گا۔
آسٹریلیا کی بین الاقوامی تعلیمی ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو فل ہنی وُڈ نے بھی جعلی ڈگریوں کے معاملے کو سنگین قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں جعلی تعلیمی اسناد پر داخلہ نہ ملنے پر طلباء کی بڑی تعداد آسٹریلیا کا رُخ کر رہی ہے۔
بھارتی پولیس اب تک جعلی ڈگری مافیا سے 100 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی جعلی اسناد ضبط کرچکی ہے۔
ماہرین کے مطابق تعلیمی نظام میں فراڈ اور جعلی ڈگریوں میں اضافے نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید متاثر کیا ہے۔