پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) فیصل آباد گودام سے گندم چوری اسکینڈل میں زونل ہیڈ اوکاڑہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاسکو فیصل آباد کے گودام سے 7 کروڑ روپے مالیت کی گندم چوری کے اسکینڈل میں راؤ طارق کو گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پرائیویٹ گودام سے 350 بوری گندم برآمد کرلی گئی ہے۔
حکام کے مطابق چند روز قبل ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران پاسکو کے 4 ملازمین گرفتار ہوئے تھے، جن کو عدالت میں پیش کرکے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر پرائیویٹ بروکر کے گودام سے 1 ہزار خالی بار دانہ برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سرکاری گندم میں مٹی ملانے، 2 ہزار بوری اور 4 ہزار تھیلے گندم خرد برد میں ملوث پائے گئے، ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔