کراچی (نیوز ڈیسک) ایلون مسک کا اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ پر 134 ارب ڈالر کا دعویٰ، کیلیفورنیا کی عدالت میں مقدمہ دائر،اوپن اے آئی پر غیر منافع بخش مشن کو ترک کرنے کا الزام ، اوپن اے آئی نے دعویٰ کو ہراسمنٹ اور xAI کے لیے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیک ارب پتی ایلون مسک نے اوپن اے آئی اورمائیکروسافٹ کے خلاف 134 ارب ڈالر تک کے دعوے کے لیے کیلیفورنیا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ اوپن اے آئی اپنے غیر منافع بخش مشن کو ترک کر کے اب بنیادی طور پر مائیکروسافٹ کے مفادات کی خدمت کر رہا ہے۔ مسک کے قانونی ٹیم کے مطابق انہوں نے 2015 میں اوپن اے آئی کی ابتدائی سرمایہ کاری کے طور پر 38 ملین ڈالر فراہم کیے اور اہم صنعتی رابطے اور مہارتیں فراہم کیں، جس کی بنیاد پر مالی ماہرسی پال وازان نے اوپن اے آئی کی موجودہ مالیت میں مسک کا حصہ 65.5 ارب سے 109.43 ارب ڈالر کے درمیان قرار دیا، جبکہ مائیکروسافٹ سے اضافی 13.3 سے 25.06 ارب ڈالر کا دعویٰ کیا گیا ہے۔