معروف برطانوی شخصیات ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ وکٹوریہ بیکہم کے بیٹے بروکلن پیلٹز بیکہم نے سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ میں کہا کہ خاندانی اختلاف کے بعد وہ اپنے والدین سے صلح نہیں کرنا چاہتے۔
26 سالہ بروکلن نے کہا کہ ان کے والدین میڈیا میں ان کے خاندان سے متعلق بیانیے کو کنٹرول کر رہے ہیں اور انہوں نے ان کی اہلیہ نکولا پیلٹز بیکہم کے ساتھ ان کے تعلقات کو ’’خراب‘‘ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے اپنے 1 کروڑ 62 لاکھ انسٹاگرام فالوورز کے لیے ایک پوسٹ میں لکھا کہ میں اپنے خاندان سے صلح نہیں کرنا چاہتا۔
پوسٹ میں مزید تحریر کیا کہ مجھے کنٹرول نہیں کیا جا رہا، میں اپنی زندگی میں پہلی بار اپنے لیے کھڑا ہو رہا ہوں۔
بروکلن پیلٹز، سابق انگلش فٹبال کپتان ڈیوڈ بیکہم اور ان کی اہلیہ، فیشن ڈیزائنر اور سابق پاپ اسٹار وکٹوریہ بیکہم کے سب سے بڑے بیٹے ہیں۔
بروکلن کی جانب سے اپنے خاندان پر تنقید کے بعد سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے دوران ڈیوڈ بیکہم سے ان کے بیٹے کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا۔ تاہم وہ مسکرائے اور تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
اسی دوران، انٹرنیٹ صارفین چار روز قبل شیئر کی گئی ڈیوڈ بیکہم کی آخری انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹس سیکشن میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
جہاں کچھ لوگوں نے مذاق میں کہا کہ ڈیوڈ اور وکٹوریہ ’’نکولا کے بارے میں درست تھے‘‘، وہیں متعدد فالوورز نے کہا کہ وہ بروکلن بیکہم پر یقین کرتے ہیں۔
بروکلن نے 2022 میں نکولا سے شادی کی، جو ایک امریکی اداکارہ ہیں اور ارب پتی کاروباری شخصیت نیلسن پیلٹز اور سابق ماڈل کلاڈیا ہیفنر پیلٹز کی بیٹی ہیں۔
ڈیوڈ اور وکٹوریہ بیکہم کی جانب سے اپنے بیٹے کے بیانات پر تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔