برسلز(نیوز ڈیسک)یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیر لاین نے امریکہ کو خبردار کیا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر اتحادی یورپی ممالک پر تادیبی محصولات (ٹیرف) عائد کرنا ایک غلطی ہو گی۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر داووس میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فان ڈیر لاین نے کہا، تجویز کردہ اضافی محصولات ایک غلطی ہیں، خاص طور پر دیرینہ اتحادیوں کے درمیان۔ انہوں نے مزید کہا، ’’یورپی یونین اور امریکہ نے گزشتہ جولائی میں ایک تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔ سیاست ہو یا کاروبار، معاہدہ تو معاہدہ ہوتا ہے اور جب دوست ہاتھ ملاتے ہیں، تو اس کا کوئی مطلب ہونا چاہیے۔‘