عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر شوز کیے اور رخصتی کے گیت بھی گائے، مگر اپنی بیٹی ماہین کی رخصتی پر گاتے ہوئے آنکھیں نم ہوگئیں۔
پاکستان آئیڈل کی ریکارڈنگ کے موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں سب کی بیٹوں کے لیے دعا کرتا ہوں کہ وہ اپنے سسرال میں ہمیشہ خوش رہیں، میرے جذبات اپنی اور دوسروں کی بیٹیوں کے لیے یکساں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی بیٹی ماہین کی رخصتی کے موقع پر بیٹی کے دادا فرخ فتح علی خان اور استاد نصرت فتح علی خان کی بہت یاد آئی۔ ان کی روح کو کتنی خوشی ہوئی ہوگی۔ یہ میں ہی محسوس کرسکتا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں استاد راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ میری بیٹی ماہین کو میری بہنوں نے اتنا ہی پیار دیا، جتنا اس کی دادی دے سکتی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ماہین کی شادی کے دنوں میں شوز میں بہت مصروف تھا، شادی کے تمام انتظامات میری بیگم ندا نے ایک مرد کی طرح کیے۔ شادی کے دوران پاکستان آئیڈل میں بھی مصروف تھا، اس شو میں بھی شادی بیاہ کی تھیم چل رہی تھی۔