پشاور (جنگ نیوز) ضم اضلاع انڈر 16 گیمز کا آغاز 9فروری سے ہوگا، جس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، گیمزکا باضابط افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی جمرود سپورٹس کمپلیکس میں کریں گے ، گیمز میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال اور ہاکی کے مقابلے شامل ہیں جس میں ایک ہزار سے زائد کھلاڑی مدمقابل ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر سپورٹس قبائلی اضلاع عمر ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کے لیے انڈر 16 گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد گراس روٹ لیول سے نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے تاکہ یہ کھلاڑی مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں مختلف کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹیلنٹ گرومنگ پروگرامز کا بھی اجرا کیا جائے گا، جس کے ذریعے قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو سامنے لا کر انہیں مزید بہتر انداز میں تیار کیا جائے گا۔عمر ارشد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پرمشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترندکی سربراہی میں تمام ضم اضلاع میں جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس کمپلیکسز پر کام جاری ہے، جن میں سے 6 سپورٹس کمپلیکس تقریباً مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دو کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل کیا گیا ہے۔