پشاور (خصوصی نامہ نگار)محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام یتیم اور بے سہارا بچوں کے لئے چار روزہ سپورٹس فیسٹیول شروع ہوگیا، جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل خیبرپختونخوا محمد آصف خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ڈائریکٹر زمونگ کور صداقت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان، ایڈیشنل ڈی جی سپورٹس رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز جمشید بلوچ بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب میں زمونگ کور کے بچوں نے مارشل آرٹس اور روایتی اتنڑ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے کہا کہ بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے، یہاں موجود تمام بچے ہمارے اپنے بچے ہیں ان کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے ، صوبائی حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کو غیر نصابی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ان بچوں میں کسی قسم کی صلاحیتوں کی کمی نہیں ، صوبائی حکومت انہیں بھرپور توجہ دے رہی ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد بچوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔مشیر کھیل نے کہا کہ مستقبل میں انٹر مدارس گیمز، مائنارٹی گیمز، انڈر 21 گیمز اور ٹرانس جینڈر گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔