امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بنگلادیش میں آنے والے انتخابات میں جماعت اسلامی جیتے گی۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو تحریک جماعت اسلامی نے بنگلادیش میں چلائی وہ کامیاب ہوئی، جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحاد کی بات کی ہے، تقسیم ہونے کا فائدہ نہیں، ایسے حالات میں امت میں تقسیم سے ہم سب کا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا پر سرمایہ دارانہ نظام مسلط ہے، امریکا نے اسرائیل کو ہتھیار فراہم کیے، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنایا، غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی نمائندگی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ میں شمولیت سے پہلے اس پر پارلیمنٹ میں گفتگو نہیں ہوئی، ہم کسی بھی عالمی طاقت سے ٹکراؤ نہیں چاہتے لیکن غلامی بھی نہیں کریں گے، پاکستان کی حکومت نے جو فیصلہ کیا اس پر پارلیمنٹ میں گفتگو کیوں نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیمی نظام کو ٹھیک ہی نہیں کیا جاتا، غریب غریب تر ہوتا چلا جارہا ہے اور امیر امیر تر۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 2 ہزار 200 ارب روپے ہم نے اس بجلی کے ادا کیے جو کبھی بنی نہیں۔