• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طویل عرصے سے منجمد جنگلاتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کا آغاز

پشاور (اے پی پی)خیبر پختونخوا کے محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات نے طویل عرصے سے منجمد جنگلاتی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کے ترجمان لطیف الرحمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ایف ڈی سی) احمد زیب نے پشاور میں منعقدہ اجلاس کے دوران سیکرٹری محکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات جنید خان کو بقایا ڈرائی ونڈ فال ٹمبر کے تصفیے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ سالوں کے دوران کٹی ہوئی لاکھوں مکعب فٹ ڈرائی ونڈ فال لکڑی اس وقت صوبے کے مختلف مقامات پر موجود ہے جن میں ٹمبر مارکیٹس، سڑک کنارے ڈپو، جنگلاتی علاقے اور ٹرانزٹ روٹس شامل ہیں۔ ٹمبر ڈپو چکدرہ میں لکڑی کی خاصی مقدار دستیاب ہے جبکہ باقی ذخیرہ مختلف سڑک کنارے مقامات مثلا آلائی (بٹگرام) اور ارندو (چترال لوئر) کے علاوہ جنگلات اور ٹرانزٹ راستوں پر پھیلا ہوا ہے۔ اس لکڑی کا بڑا حصہ ملاکنڈ فاریسٹ سرکل میں واقع ہے جو بنیادی طور پر قیمتی اقسام جیسے دیودار، کیل اور فر/اسپروس پر مشتمل ہے جبکہ نسبتا کم مقدار ہزارہ فاریسٹ سرکل میں موجود ہے۔ احمد زیب نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ لکڑی کے تصفیے میں طویل تاخیر کی بنیادی وجہ متعدد ساختی اور پالیسی سے متعلق رکاوٹیں رہیں۔ ان میں سال 2014میں ڈرائی ونڈ فال پالیسی پر عائد پابندی شامل ہے جس کے نتیجے میں تنازعات اور طویل عدالتی کارروائیاں سامنے آئیں۔
پشاور سے مزید