پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا میں شہری سہولیات کی بہتری کے سلسلے میں کوہاٹ کے ہنگو پھاٹک چوک کو جدید طرز پر تعمیر کرنے کا عملی اقدام شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان اور رکنِ قومی اسمبلی شہریار آفریدی کی خصوصی ہدایات پر کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے تحت ایکسین ہائی وے انجینئر جواد، ایس ڈی او زاہد خان، آرکیٹیکٹ انجینئر وسیم اور پی ٹی آئی کی ٹیم نے ہنگو پھاٹک چوک کا دورہ کرکے ٹریفک کی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کیلئے چوک کے تین اطراف ڈائیورژن بنائے جائیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور رش پر قابو پایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ علاقائی ترقی، جدید شہری منصوبہ بندی اور عوامی خدمت کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ معاونِ خصوصی شفیع جان نے اس موقع پر کہا کہ حکومت شہری مسائل کے مستقل اور دیرپا حل پر یقین رکھتی ہے اور ہنگو پھاٹک چوک کی جدید تعمیر عوام کیلئے سہولت اور آسانی فراہم کرے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد علاقے میں ٹریفک نظام میں نمایاں بہتری اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت میں سہولت ملنے کی توقع ہے۔