کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید سردی کے دوران کوئٹہ میں بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کی کمی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کوئٹہ کے چند مخصوص علاقوں کے سوا پورئے شہر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے بعض علاقوں میں رات بھر اور بعض علاقوں میں صبح سے شام تک بجلی مکمل بند کی جارہی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جان محمد روڈ فیڈر ، نیو جان محمد روڈ فیڈر، مہردر فیڈر، سٹی فیڈر، پشتون آباد، اولڈ پشتون آباد فیڈر، پشتون باغ، ہزار گنجی، سریاب، تختانی بائی پاس، سیٹلائٹ ٹاؤن، محمود آباد، شالدرہ، پشتون درہ، کچلاغ، ہنہ، نوحصار سمنگلی، غبرگ، بلیلی، نواں کلی، زرغون آباد، ترین شار، سرہ غوڑگئی،کلی عمر، کوتوال،چشمہ، کلی الماس،کلی عالمو، کلی برات، دیبہ، ترخہ، ہدہ، بروری، ہزارہ ٹاؤن، کرانی، احمد خانزئی،مشرقی ومغربی بائی پاس پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی کوفت کا شکار بنادیا ہے جبکہ بجلی کی فراہمی کے وقت سنگل فیز، کم وولٹیج، ٹرپنگ کا مسئلہ بھی ہر علاقے میں جاری ہے ٹرانسفارمروں کی خرابی اور مرمت میں کیسکو ٹیم کی غفلت کے باعث کئی کئی دن عوام کو بجلی سے محروم رہنا پڑتا ہے بیان میں کوئٹہ کے تمام علاقوں میں فوری طور پر بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔