بھارت کے یومِ جمہوریہ پر دنیا بھر میں اور کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کشمیری یومِ سیاہ منائیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یومِ سیاہ کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے سے انکاری ہے، کُل جماعتی حریت کانفرنس نے 26 جنوری کو یومِ سیاہ منانے کی کال دے دی۔
بھارت کے یوم جمہوریہ پر کل مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہو گی، پاکستان اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرےاور ریلیاں ہوں گی۔
کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنے یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا، قابض بھارت نے مقبوضہ وادی میں سیکیورٹی کے نام پر سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔
مقبوضہ وادی میں بڑی تعداد میں قابض بھارتی فورسز تعینات ہیں، لوگوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
کےایم ایس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے، سڑکوں کو خاردار تاروں اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے، قابض فورسز کی نگرانی کی کارروائیوں سے کشمیریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔