حکومتِ سندھ کی ڈاکوؤں سے متعلق سرینڈر پالیسی پر رہنما پی پی پی شیر محمد مغیری نے جیکب آباد سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی کچے کے ڈاکوؤں کے لیے سرینڈر پالیسی کامیاب ہو رہی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اب تک متعدد ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کیا، سرینڈر کرنے والے ڈاکو اپنے ساتھیوں کو کہیں کہ وہ بھی سرینڈر کر دیں۔
شیر محمد مغیری نے کہا کہ برادریوں کی لڑائی میں ہتھیار اٹھانا اچھی بات نہیں، اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا، لوگوں کے قبائلی جھگڑے ہیں تو قانون ہے، صلح بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچے کا علاقہ پُرامن ہو گا تو وہاں کے لوگ خوش حال ہوں گے، پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھروسہ رکھیں، آپ کو انصاف ملے گا۔