پاکستانی معروف سابقہ ماڈل، موجودہ اداکارہ و میزبان عنبر خان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ مجھے بوڑھا ہونا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
عمر بڑھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عنبر خان نے کہا سچ کہوں تو میں نے کبھی بڑھاپے کے بارے میں نہیں سوچا۔ میں کبھی بوڑھا ہونا ہی نہیں چاہتی۔ مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں کبھی بوڑھی نہیں ہوں گی، ایسی ہی رہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی یہ تصور ہی نہیں کیا کہ میں بوڑھی ہوں گی تو ایسی دکھائی دوں گی، یا فلاں عمر کا ہونے پر مجھے فلاں اسٹائل اختیار کرنا ہے۔ اس کے برعکس میں خود کو اسی طرح دیکھنا چاہتی ہوں جیسی میں اس وقت ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں وہی پہنوں گی جو میں چاہوں گی اور اپنے شوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کروں گی۔ اصل بات یہ ہے کہ آپ لباس کو کس انداز سے اپناتے ہیں، عمر کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی اور یہ بھی ممکن ہے کہ آنے والے پانچ برسوں میں میری سوچ بدل جائے اور اسی کے مطابق میرا لباس بھی بدل جائے۔