• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کی اولادوں کی دیکھ بھال کرنیوالے گرینڈ پیرنٹس سے متعلق نئی تحقیق

ایک تحقیق کے مطابق اپنے بچوں کی اولادوں کی دیکھ بھال کرنے والے گرینڈ پیرنٹس (دادا دادی یا نانا نانی) کو ذہنی دباؤ کی بیماری لاحق ہوسکتی ہے۔ 

بچوں کی اولادیں آپ کی دولت ہو سکتے ہیں، لیکن باقاعدگی سے نواسہ نواسی یا پوتے پوتیوں کی دیکھ بھال کرنا آپ کی ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

اس حوالے سے کی گئی ایک حالیہ سے پتہ چلا کہ یہ خصوصاً ان بزرگ دادا دادی یا نانا نانی میں افسردگی کے خطرے کو نمایاں طور پر بڑھا دیتا ہے جو چھ سال سے کم عمر بچوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ محققین کے مطابق بچوں کو تفریح فراہم کرنے کے دوران ان بزرگوں پر جسمانی اور مالی دباؤ پڑتا، جبکہ بچوں کے والدین کام پر ہوتے ہیں۔

ایک برطانوی امدادی ادارے ایج یوکے کے مطابق تقریباً پانچ ملین دادا دادی یا نانا نانی باقاعدگی سے بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ان میں 90 فیصد سے کچھ کم ہفتے میں ایک بار بچوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ لیکن ہر دس میں سے ایک گرینڈ پیرنٹ کم از کم روزانہ ایک بار اپنے پوتے پوتیوں یا نواسے نواسیوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، بعض اوقات یہ سلسلہ پانچ سال یا اس سے زیادہ عرصہ جاری رہتا ہے۔

زیادہ تر گرینڈ پیرنٹس اپنے بچوں کی مدد کے لیے ایسا کرتے ہیں تاکہ وہ زیادہ کام کر سکیں اور نوجوان خاندان کی معاونت کر سکیں۔ ایج یوکے کے مطابق دادا دادی یا نانا نانی کا یہ نام نہاد نینی کہلانے والا عمل بزرگ جوڑوں کے لیے بے پناہ فوائد رکھتا ہے، کیونکہ یہ انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر فعال رکھتا ہے اور تنہائی کو کم کرتا ہے۔

لیکن تہران، ایران کی شاہد بہشتی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کی ماہر نفسیات کی حالیہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ ہر گرینڈ پیرنٹ اس کے مثبت اثرات محسوس نہیں کرتا۔ محقیقین نے 400 سے زیادہ بزرگ جوڑوں سے یہ سوال کیا کہ وہ کتنی بار اپنے پوتے پوتیوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور کیا انہیں اداسی یا کم موڈ کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

یہ تحقیقی رپورٹ جو جرنل بی ایم سی سائیکالوجیکل میں شائع ہوئی ہے، سے یہ پتہ چلا کہ جو گرینڈ پیرنٹس 50 اور 60 سال کے درمیان ہیں ان میں ڈپریشن نہیں پایا گیا۔ لیکن 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگوں میں اس خطرہ میں نمایاں اضافہ پایا گیا، بالخصوص ان میں جنکے پوتے پوتیاں یا نواسے نواسیاں چھ سال سے کم عمر کے تھے۔

محققین کے مطابق ان افراد کے لیے پوتے پوتیوں کی دیکھ بھال جذباتی اور جسمانی دباؤ ڈال سکتی ہے اور ان کا کافی وقت اور توانائی لے سکتی ہے، جبکہ ان پر مالی  بوجھ بھی ڈال سکتی ہے، کیونکہ بڑھاپے میں ریٹائرمنٹ اور آمدنی میں کمی کی وجہ سے بزرگ افراد مالی مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں، لہٰذا یہ سب ڈپریشن کو بڑھا سکتا ہے۔

صحت سے مزید