سندھ حکومت نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی تردید کردی، سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ مصطفی کمال اور خالد مقبول اسلام آباد میں ہیں، جس حکومت کے یہ وزیر ہیں اس سے زیادہ سیکیورٹی ہم نے دی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خالد مقبول کی سیکورٹی کے لیے 10 سپاہی ہیں، مصطفی کمال کے لیے اس سے بھی زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس کو مزید سیکیورٹی چاہئے تو وہ حکومت کو خط لکھے، گندی سیاست نہ کرے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں لوگ اپنے پیاروں کو ڈھونڈ رہے تھے اور ایم کیو ایم والے سیاست کررہے تھے، آگ بھی نہیں بجھی تھی اور کہا گیا 18ویں ترمیم کو ختم کرو۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گل پلازہ سانحے کے شہداء کے گھروں پر چیک پہنچائے جا رہے ہیں اور صوبائی وزراء خود خاموشی سے لواحقین کے پاس جاکر امداد فراہم کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اعلیٰ سطح پر گل پلازہ سانحے کی باریک بینی سے تحقیقات کی جارہی ہے، اگر مزید تحقیقات کی ضرورت محسوس ہوئی تو عدالتی کمیشن کے قیام سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔