• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نان فائلر کے اسلحہ لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں، سینیٹر فیصل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر فیصل نے کہا ہے کہ جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے وہ کیسے اسلحہ لائسنس بنوا رہے ہیں؟ اسلحہ اس کے پاس ہو جو ٹیکس جمع کرواتا ہو۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر فیصل کی زیرصدارت ہوا جس میں اسلحہ لائسنس پر بحث ہوئی۔

اجلاس میں سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ نان فائلرز کو 33 ہزار اور فائلرز کو صرف 3 ہزار  لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

اس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جو فائلر نہیں ہے ان کے لائسنس فوری منسوخ کیے جائیں، اسلحہ لائسنس جاری ضرور کریں لیکن وہ ٹیکس تو ادا کریں۔ 32 ہزار نان فائلر کو لائسنس جاری ہوئے ہیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں بہت زیادہ اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے، ہم نے پالیسی سخت کی ہے اب چند ہزار لائسنس جاری ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 90 فیصد لائسنس بنانے بند کردیے ہیں، یہ وزارت داخلہ ہے کوئی لائسنسنگ برانچ نہیں ہے۔

اس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل نے کہا کہ جو اسلحہ وارداتوں میں استعمال ہوا ہے اس کو فوری منسوخ کریں، اس پر طلال چوہدری نے کہا کہ فوری منسوخ کرنا مناسب نہیں ہے اس کو وقت دے دیتے ہیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ اگر ٹیکس جمع نہیں کروایا گیا تو لائسنس منسوخ کر دیں گے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عرفان اللّٰہ خان نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممبران پارلیمنٹ سے متعلق 11 کیس تھے، 8 میں برآمدگی ہوچکی ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آپ کے پاس 1 لاکھ 57 ہزار شکایات آئی ہیں لیکن مقدمات کم درج ہوئے، ہمیں صوبے سے متعلق بتایا جائے کہ کتنی شکایات ہوئی۔

قومی خبریں سے مزید