پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ لائبہ خان کی شادی کی تقریبات دعاۓ خیر کی تقریب کے ساتھ شروع ہو گئیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے نکاح کے اعلان کے ساتھ ہی دعائے خیر کی تصاویر شیئر کر دیں۔
اس تقریب کے لیے لائبہ خان نے ہلکے موو پنک رنگ کا نفیس فل لینتھ انارکلی لباس زیب تن کیا، جس پر باریک سنہری اور ٹِلہ کا کام کیا گیا تھا۔
جیو انٹرٹینمنٹ کی ڈرامہ سیریل مہرہ کی اداکارہ نے اپنے دلہن کے روپ کو خوبصورت سنہری روایتی موتیوں کے لاکٹ، جھومر اور جھمکوں سے مکمل کیا، جبکہ بالوں کو کھلے گھنگھریالے انداز میں رکھا۔
اس سے قبل انہوں نے اپنے نکاح کا بھی اعلان کیا تھا، سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق ان کا نکاح بابرکت شہر مدینہ منورہ میں ہوا تھا۔
گوکہ لائبہ خان نے اپنے دولہا میاں سے متعلق تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ اداکارہ کے دولہا کا نام جواد ہے۔
نکاح و دعائے خیر کی تصاویر سامنے آتے ہی مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ بعض مداح یہ قیاس آرائیاں بھی کر رہے ہیں کہ ان کا نکاح نومبر 2024ء میں ہوا تھا اور دعائے خیر کی تقریب گزشتہ روز منعقد ہوئی ہے۔