اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف لانگ مارچ کے 2 کیسز داخلِ دفتر کر دیے گئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم نے بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف کیسز پر سماعت کی۔
بانیٔ پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل سردار مصروف عدالت میں پیش ہوئے۔
سردار مصروف نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ 2022ء کے 2 کیسز ہیں جن میں متعدد ملزمان بری ہو چکے ہیں، ہماری 2 سال سے بریت کی درخواست زیرِ سماعت ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کو بھی عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا، عدالت کیسز کی سماعت کل تک رکھے، ہم بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہیں۔
بانیٔ پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف نے مزید کہا کہ عدالت قانونی طور پر کیسز کو داخلِ دفتر بھی کر سکتی ہے۔
عدالت نے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کیسز داخلِ دفتر کر دیے۔
واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں 2 مقدمات درج ہیں۔