وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ماہرین کے مطابق 70 فیصد بیماریاں آلودہ پانی سے پھیلتی ہیں، صاف پانی مہیا کردیا جائے تو بیماریوں میں 70فیصد تک کمی لائی جاسکتی ہے۔
اسلام آباد میں مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ ہیلتھ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، اسپتالوں میں ڈاکٹرز کا مریض سے رابطہ تھوڑی دیر کا ہوتا ہے، مریضوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اچھے کاموں کا ثواب مرنے کے بعد بھی ملتا رہتا ہے، صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، حکومت کے ساتھ نجی شعبہ بھی صحت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنا بہترین عمل ہے اور ہیلتھ کیئر انسان کو مریض بننے سے بچانے کا نام ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آبادی میں بے ہنگم اضافے سے ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہمیں اپنے وسائل کے اعتبار سے آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگا، ہر سال ملک میں 61 لاکھ بچے پیدا ہو رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو 13 بیماریوں کی ویکسینیشن ضرور کروائیں، پاکستان دنیا کے دو ممالک میں سے ہے جہاں پولیو ختم نہیں ہوا، گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے۔