• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں میں اکثر سر میں درد کیوں ہوتا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سر درد بظاہر صرف ایک معمولی سی شکایت ہے لیکن یہ جسم کی طرف سے بھیجا گیا ایک اہم سگنل بھی ہو سکتا ہے۔

بچوں سے لے کر بوڑھوں تک سر درد سے ہر عمر کے لوگوں متاثر ہوتے ہیں اور بعض اوقات یہ تکلیف صحت کے کسی بنیادی مسئلے کی نشاندہی کرتی ہے یا روزمرہ کے معمولات میں خلل ڈالتی ہے۔

سر درد کی شکایت سردیوں میں بڑھ جاتی ہے اور اکثر اس تکلیف کے ساتھ لوگوں کو بھاری پن کا احساس ہوتا ہے، اس تکلیف کے مؤثر علاج کے لیے سر درد کی مختلف اقسام کی شناخت ضروری ہے۔

عالمی ادارۂ صحت کی رپورٹ کے مطابق ہر 2 بالغ افراد میں سے تقریباََ 1 فرد سال میں کم از کم 1 بار سر درد کا تجربہ لازمی کرتا ہے۔

اس حوالے سے ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سر درد کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے بلکہ سر میں درد کی مختلف اقسام ہوتی ہیں اور یہ تکلیف ہمیشہ ذہنی دباؤ، پانی کی کمی، نیند کی خرابی یا دیگر بنیادی صحت کے مسائل کی وجہ سے ہوتی ہے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق سر درد کی نوعیت اور وجہ کو سمجھنا علاج کا پہلا اور اہم ترین مرحلہ ہے کیونکہ وجہ جانے بغیر اس سے نجات حاصل کرنا مشکل ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سر درد کی مختلف اقسام کے علاج کے طریقے بھی مختلف ہیں جو ناصرف درد کو کم کرتے ہیں بلکہ بار بار سر درد ہونے کی شکایت کو بھی روکتے ہیں۔

ذہنی دباؤ کی باعث سر میں درد (Tension Headache):

یہ سب سے عام قسم کا سر درد ہے جس میں عام طور پر پیشانی یا گردن کے پچھلے حصے پر ہلکے لیکن مسلسل دباؤ کا احساس ہوتا ہے اور سر کے اس درد سے اکثر آرام کرنے، زیادہ پانی پینے یا پھر سر درد کی دوا لینے سے نجات مل جاتی ہے۔

دردِ شقیقہ (Migrane) :

دردِ شقیقہ یا آدھے سر کا درد زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے، اس کی وجہ سے انسان کو متلی ہوتی ہے، کئی بار الٹی بھی آ جاتی ہے، تیز روشنی اور تیز آوازیں برداشت نہیں ہوتیں اور بعض اوقات انسان کی نظر بھی متاثر ہوتی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیورولوجیکل ڈس آرڈرز اینڈ اسٹروک کے مطابق مائیگرین (دردِ شقیقہ) تقریباً 12 فیصد آبادی کو متاثر کرتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ درد شقیقہ یا آدھے سر درد سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ جس انسان کو اس درد کی شکایت ہو اسے یہ معلوم ہو کہ اسے یہ تکلیف کس وجہ سے ہوتی ہے جیسے کہ کچھ لوگوں کو ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے بھی یہ تکلیف ہوتی ہے، کچھ لوگوں کو چاکلیٹ، پنیر یا کیفین جیسی غذاؤں کے استعمال سے بھی یہ تکلیف ہوتی ہے اور کچھ لوگوں کو موسم کی تبدیلی اور نیند کی خرابی کی وجہ سے ہوتی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ درد شقیقہ یا آدھے سر درد سے نجات کے لیے احتیاط بہت ضروری ہے۔

کلسٹر سر درد ( Cluster Headache):

سر درد کی اس قسم سے بہت کم لوگ متاثر ہوتے ہیں لیکن یہ انتہائی شدید ہوتا ہے، یہ درد وقفے سے ہوتا ہے اور اکثر اس درد کی وجہ سے رات کو نیند بھی نہیں آتی۔ 

یہ درد عام طور پر سر کے ایک طرف اور آنکھ کے ارد گرد ہوتا ہے اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کی ضرورت ہوتی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ شراب، تمباکو نوشی، اونچائی، گرمی یا کچھ دوائیں اس درد کو متحرک کر سکتی ہیں۔

سائینس کے مسائل کے باعث سر درد (Sinus headache):

سائینس کے مسائل کی وجہ سے ہونے والا سر درد مختلف محسوس ہوتا ہے جس میں  پیشانی، گالوں اور آنکھوں کے گرد سوزش کی وجہ سے بھاری پن یا درد محسوس ہوتا ہے، اس تکلیف کی علامات میں ناک بند ہونا، چہرے پر دباؤ، ناک سے پانی بہنا اور کبھی کبھار بخار بھی شامل ہو سکتا ہے۔

اس درد سے ناک دھونے یا کسی انفیکشن کی صورت میں اینٹی بائیوٹکس کا استعمال کرکے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ 

کیفین کے باعث سر درد:

ایسے لوگ جو باقاعدگی سے کافی یا چائے پینے کے عادی ہوں اور پھر اچانک اس کی مقدار کم کر دیں یا پھر کبھی ضرورت سے زیادہ مقدار میں کیفین کا استعمال کر لیں تو اُن کے بھی سر میں درد ہو سکتا ہے۔

 اس طرح کے سر درد سے آہستہ آہستہ کیفین کی مقدار کو کم کر کے اور پانی کی مقدار میں اضافہ کر کے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

صحت سے مزید