پاکستان کی معروف سابق فیشن ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے والدین کی جانب سے بیٹوں کو ترجیح دینے کے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔
حال ہی میں ونیزہ احمد کو ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ 2026ء کی تقریب میں دیکھا گیا، جہاں انہوں نے معاشرے میں بیٹوں کو بیٹیوں پر ترجیح دینے کے رویے پر کھل کر گفتگو کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ اب بتدریج تبدیل ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ونیزہ احمد نے کہا کہ میرے والد ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ انسان تھے، لیکن میں محسوس کر سکتی تھی کہ وہ بھی چاہتے تھے کہ ان کی پہلی اولاد بیٹا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اب معاشرے میں یہ سوچ بدل رہی ہے، کیونکہ لوگوں کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ عورتیں اپنی قسمت خود لے کر آتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ پرانی سوچ تھی جس میں ہم والدین کے نقشِ قدم پر چلتے تھے یا یہ سمجھتے تھے کہ عورتیں مخصوص کرداروں تک محدود ہیں، مگر اب ایسا نہیں ہے۔
ونیزہ احمد کے مطابق اب خواتین اپنی صلاحیتوں کو دریافت کر رہی ہیں اور غیر معمولی کارنامے انجام دے رہی ہیں، ہم تخلیق کرنے والی ہیں اور ہماری ذمہ داریاں کسی ایک دائرے تک محدود نہیں رہیں۔
خیال رہے کہ ونیزہ احمد نے 2010ء میں بزنس مین علی افضل ملک سے شادی کی تھی اور ان کی 2 بیٹیاں ہیں۔