• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹریس میں کمی، صحت کی بہتری کیلئے 5 اہم سپلیمنٹس

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

جدید طرزِ زندگی میں ذہنی دباؤ (اسٹریس) ایک عام مسئلہ بن چکا ہے جو رفتہ رفتہ مختلف جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق مسلسل ذہنی دباؤ وزن میں اضافے، دل کے امراض، نیند کی کمی، تھکن، بے چینی اور ڈپریشن کا باعث بن سکتا ہے تاہم کچھ غذائی سپلیمنٹس ایسے ہیں جو اسٹریس کو قابو میں رکھنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کی جانب سے تجویز کیے گئے اسٹریس کم کرنے والے 5 مؤثر سپلیمنٹس درج ذیل ہیں:

1۔ میگنیشیئم

میگنیشیئم نیند بہتر بنانے اور دماغ کو پُرسکون رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یہ پٹھوں کے کھنچاؤ کو کم، دل کی دھڑکن کو متوازن اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

2۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز

مچھلی کے تیل میں پائے جانے والے اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دماغی صحت کے لیے مفید ہیں۔

یہ بے چینی اور ڈپریشن کی علامات کم کرنے، موڈ بہتر بنانے اور جسم میں سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

3۔ ملٹی وٹامنز

ملٹی وٹامنز جسم میں غذائی کمی پوری کرتے ہیں، جس سے اسٹریس کے دوران جسم بہتر طور پر کام کر سکتا ہے۔

خاص طور پر وٹامنز B دماغی صحت اور موڈ بہتر بنانے میں اہم سمجھا جاتا ہے۔

4۔ اشوا گندھا

یہ ایک قدرتی جڑی بوٹی ہے جو جسم میں اسٹریس ہارمون (کارٹیسول) کو کم کرتی ہے۔

اشوا گندھا دماغ کو سکون پہنچانے، ذہنی اور جسمانی طاقت بڑھانے اور جسم کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

5۔ وٹامن ڈی

وٹامن ڈی کی کمی ذہنی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے، مناسب مقدار میں وٹامن ڈی موڈ بہتر کرنے اور اسٹریس کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان سپلیمنٹس کے ساتھ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش (کم از کم 30 منٹ کی تیز چہل قدمی) اور مثبت طرزِ زندگی اپنانا ذہنی دباؤ کم کرنے میں نہایت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید