امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر چین کے سرکاری دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ازسرِ نو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لیے چین کے ساتھ کاروبار میں جانا انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔
تاہم ڈاؤننگ اسٹریٹ نے وضاحت کی ہے کہ امریکا کو وزیراعظم کے دورۂ چین اور اس کے مقاصد سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ خود اپریل میں چین کا دورہ کرنے والے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اسی موقع پر کینیڈا کو بھی چین کے ساتھ اقتصادی معاہدوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کے لیے یہ صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقاتیں مفید رہیں اور برطانیہ کو نمایاں پیش رفت حاصل ہوئی۔
برطانیہ اور چین کے درمیان کاروبار اور سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق معاہدوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ معاہدے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد طے پائے۔
دورۂ چین کے دوران بغیر ویزا سفر، کم ٹیرف اور چین میں برطانوی دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کی جانب سے 10.9 ارب پاؤنڈ کی سرمایہ کاری جیسے اہم معاہدوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان منظم جرائم اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔