کراچی (نیوز ڈیسک) ایپسٹین فائلز کی نئی ریلیز میں مسک، ممدانی کی والدہ و دیگر بااثر شخصیات شامل، دوسرے سلسلے میں 35لاکھ سے زائد دستاویزات جاری، 35لاکھ دستاویزات، 1 لاکھ 80ہزار تصاویر،2ہزار ویڈیوزشامل، ایلون مسک کی جزیرے کے دورے کی تردید، میرا نائر کی 2009آفٹر پارٹی میں شرکت کا ذکر، بل گیٹس سے منسوب ای میلز پر تنازع، ٹیم کی جانب سے تردید، فائلز میں پرنس اینڈریو، سارہ فرگوسن اور رچرڈ برانسن سمیت کئی نمایاں ناموں کے ساتھ ای میل رابطے شامل، ایپسٹین کی موت، جیل میں حالات اور اس کی ساتھی غزلین میکسویل کی تحقیقات سے متعلق مواد موجود ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایپسٹین فائلز کی دوسری لہر میں کئی نمایاں شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں، جن میں ایلون مسک اور نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی والدہ و فلم ساز میرا نائر شامل ہیں۔ دستاویزات کے مطابق میرا نائر 2009میں گھسلین میکسویل کے گھر ہونے والی ایک آفٹر پارٹی میں شریک تھیں، جس میں بل کلنٹن اور جیف بیزوس بھی موجود تھے، تاہم ممدانی نے اس پر تبصرہ نہیں کیا۔ فائلز میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایلون مسک نے 2014میں ایپسٹین کے جزیرے کے دورے کی کوشش کی تھی، مگر وہاں جانے کا کوئی ریکارڈ نہیں۔ مسک نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دعوتیں مسترد کیں اور ای میلز کو غلط معنی پہنائے جا سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ بل گیٹس سے منسوب ای میلز میں ایک مبینہ واقعہ بیان کیا گیا ہے جس میں ایپسٹین سے خفیہ طور پر ادویات حاصل کرنے کی درخواست کا ذکر ہے، تاہم گیٹس کی ٹیم نے ان دعوؤں کو مکمل طور پر جھوٹا قرار دیا۔ امریکی محکمہ انصاف نے شفافیت قانون کے تحت مجموعی طور پر 60 لاکھ سے زائد فائلیں جاری کیں اور حساس تصاویر ہٹا دی گئیں۔