پاکستانی تھیٹر و شوبز انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ شیزا ہاشمی نے انڈسٹری میں کام کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا انکشاف کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بڑے بڑے پروڈیوسرز و پروڈکشن ہاؤسز اپنے دفتر بلاتے ہیں اور کام دینے کے بجائے وقت ضائع کرتے ہیں۔
حال ہی میں شیزا ہاشمی نے نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مین اسٹریم ٹیلی وژن انڈسٹری میں کام حاصل کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر کھل کر بات کی اور بڑے بڑے پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاؤسز کے پیچھے چُھپے حقائق سے پردہ اٹھایا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیزا ہاشمی نے کہا کہ انڈسٹری میں لابی سسٹم موجود ہے، میں مختلف پروڈکشن ہاؤسز گئی، جہاں مجھے گھنٹوں انتظار کروایا گیا اور پھر بغیر کوئی کام دیے واپس بھیج دیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب آپ ان سے کام کے لیے رابطہ کریں تو آپ کو تیسرے درجے کے لوگوں کے نمبر تھما دیے جاتے ہیں، یہ لوگ صرف انتہائی امیر اور بااثر پسِ منظر رکھنے والوں کو ہی اہمیت دیتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں آپ چند خاندانوں کو دیکھیں گے، لیکن ہمیں نہیں، میں ایک اچھی آرٹسٹ ہوں، اسی لیے میں نے معتبر ملٹی نیشنل برانڈز کے ساتھ ٹی وی کمرشلز کیے ہیں، مگر یہ لوگ آپ کو ڈنرز یا لانچز تو آفر کرتے ہیں، کام نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ خوف کی وجہ سے اندر کی باتیں سامنے نہیں لاتے، لیکن مجھے کسی کا خوف نہیں ہے۔