• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیا سیڈز کا وائرل ٹک ٹاک ٹرینڈ: وزن کم کرنے کے دعوؤں پر سوالات اٹھ گئے

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ٹک ٹاک پر چیا سیڈز (Chia Seeds) کے ذریعے وزن کم کرنے کا ایک نیا وائرل رجحان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جس میں لاکھوں صارفین اسے فوری حل (Quick Fix) کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ 

اس ٹرینڈ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ روزانہ چیا سیڈز کے استعمال سے وزن میں کمی، بہتر نظامِ ہاضمہ اور مجموعی صحت حاصل کی جا سکتی ہے۔

اس رجحان کو عام طور پر چیا سیڈ چیلنج کہا جا رہا ہے، جس کے تحت صارفین چیا سیڈز کو پانی کے ساتھ بڑی مقدار میں استعمال کرتے ہیں اور اسے ایک صحت بخش مشروب کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم ماہرینِ صحت نے ان دعوؤں کو مبالغہ آمیز اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

اگرچہ چیا سیڈز کے فوائد کسی حد تک تسلیم شدہ ہیں، لیکن سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یہاں تک کہ اے آئی سے تیار کردہ اکاؤنٹس کی جانب سے ان کے حوالے سے حد سے زیادہ دعوے کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ان کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

چیا سیڈز ایک پودے Salvia hispanica سے حاصل کیے جاتے ہیں، جس کا اصل تعلق میکسیکو سے ہے، جبکہ اب یہ شمالی آسٹریلیا کے بعض علاقوں، خصوصاً ویسٹرن آسٹریلیا کی آرڈ ویلی میں بھی کاشت کیے جا رہے ہیں۔

 غذائی ماہرین کے مطابق چیا سیڈز اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، پروٹین اور فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں۔

تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ چیا سیڈز کا حد سے زیادہ استعمال مختلف مضر اثرات کا سبب بن سکتا ہے، زیادہ مقدار میں چیا سیڈز کھانے سے معدے اور آنتوں کے مسائل، دم گھٹنے کا خطرہ، الرجی، بعض ادویات کے ساتھ منفی تعاملات اور انتہائی صورتوں میں پروسٹیٹ کینسر کا خدشہ بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر چیا سیڈز کو پہلے ہی فائبر سے بھرپور غذا کے ساتھ اور کم پانی کے استعمال کے ساتھ لیا جائے تو یہ مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں۔

ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی کی ماہر غذائیت ڈاکٹر ایمیلیا ہیرے نے بھی واضح کیا ہے کہ چیا سیڈز کو وزن کم کرنے کا کوئی جادوئی حل سمجھنا درست نہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ کم فائبر استعمال کرنے والے افراد اگر اچانک بڑی مقدار میں چیا سیڈز لینا شروع کر دیں تو انہیں پیٹ میں شدید پھلاؤ اور تکلیف کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا متفقہ مؤقف ہے کہ متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کے بغیر کسی ایک چیز کو وزن کم کرنے کا حل قرار دینا گمراہ کن ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

خاص رپورٹ سے مزید