• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشال یوسفزئی اور شیر افضل مروت کو علیمہ خان کا ٹارگٹ ملا ہوا ہے: بہن بانی پی ٹی آئی

بانی نے جیل میں کہا تھا جا کر ان کو بتاؤ استعمال کرنے کے بعد انہیں کرش کردیا جائے گا، علیمہ خان - فوٹو: فائل
بانی نے جیل میں کہا تھا جا کر ان کو بتاؤ استعمال کرنے کے بعد انہیں کرش کردیا جائے گا، علیمہ خان - فوٹو: فائل

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ مشال یوسفزئی اور شیر افضل مروت کو علیمہ خان کا ٹارگٹ ملا ہوا ہے۔ بانی نے جیل میں کہا تھا جا کر ان کو بتاؤ استعمال کرنے کے بعد انہیں کرش کردیا جائے گا۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی جن کی ہدایات پر جھوٹ بولتی ہیں وہ انکی ذمہ داری پوری کر رہی ہیں، مجھے نہیں لگتا مشال یوسفزئی بانی کی خیرخواہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی نے جیل میں کہا تھا جا کر ان کو بتاؤ استعمال کرنے کے بعد انہیں کرش کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بانی کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق گزشتہ منگل کو اڈیالا آکر پتہ چلا، میں آج بھی پوچھ رہی ہوں یہ خبر کیسے لیک ہوئی کس نے کی؟ میں آج بھی کہتی ہوں یہ خبر توجہ ہٹانے کیلئے لیک کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی نے جمعرات کو دھرنے کا فیصلہ کیا تھا، میں نے کسی کو کوئی ہدایات نہیں دی تھیں، انہوں نے 8 فروری کے پروگرام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم اگر ان پر دباؤ نہیں ڈالیں گے یہ ہمارے ساتھ یہی کریں گے۔ ہمیں بانی کی ٹریٹمنٹ نہیں رہائی چاہیے۔ یہ خوفزدہ ہیں اسی لیے کہتے ہیں کہ ملاقات نہیں ہوگی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی کی صحت سے متعلق ہمیں آج تک کسی نے کوئی اطلاع نہیں دی، بانی نے پہلے ایک مرتبہ آنکھ میں مسئلے کا ذکر کیا تھا، شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر عاصم نے بلڈ سیمپل لیا تھا لیکن جیل والوں نے روک دیا تھا، جیل انتظامیہ نے کہا تھا کہ جو بھی ٹیسٹ ہوگا پمز میں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے جیل والوں نے بانی کی فائل لے لی تھی، اس وقت پمز اسپتال میں ہمارے ایک ڈاکٹر گئے لیکن انہیں رپورٹ دکھائی تھی، دی نہیں تھی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن نے کہا کہ عمران خان کی صحت کی حالیہ رپورٹ انہوں نے خود نکالی ہے، اگر یہ رپورٹ جاری کرنے میں ملوث نہ ہوتے تو 3، 4 لوگ جن کے پاس رپورٹ تھی معطل ہوچکے ہوتے۔

علیمہ خان کے وانٹ گرفتاری کی تعمیل کروالی گئی

دوسری جانب 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمے میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے معاملے میں ایس ڈی پی او نے علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروالی ہے۔ 

ڈی ایس پی نے ماربل فیکٹری ناکہ پر علیمہ خان سے عدالتی وارنٹ کی تعمیل کرائی، علیمہ خان نے عدالتی وارنٹ گرفتاری پر دستخط کرکے تعمیل کی۔

26 نومبر احتجاج کے مقدمہ میں عدم حاضری پر دوسری مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔ اے ٹی سی نے عدم حاضری پر علیمہ خان کی ایک روز کے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

قومی خبریں سے مزید