• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ڈیڑھ سالہ بچے کے معدے سے پلاسٹک کا ’ہلک‘ کامیابی سے نکال لیا گیا

تصاویر:بھارتی میڈیا
تصاویر:بھارتی میڈیا

بھارتی شہر احمد آباد کے سول اسپتال کے ماہر سرجنز نے ایک نہایت پیچیدہ اور ہائی رسک طریقۂ علاج کے ذریعے ڈیڑھ سالہ بچے کی جان بچا لی، جس نے مشہور کردار ’ہلک‘ کا مکمل پلاسٹک ایکشن فیگر نگل لیا تھا۔

یہ واقعہ 18 جنوری 2026ء کو پیش آیا، جب ڈیڑھ سالہ بچہ ونش اچانک بے چینی کا شکار ہوا اور اسے الٹیاں شروع ہو گئیں۔

بچے کی والدہ نے اس دوران محسوس کیا کہ بچے کا ایک کھلونا غائب ہے، پوچھنے پر بچے نے اشاروں میں بتایا کہ اس نے کھلونا نگل لیا ہے، اہلِ خانہ فوراً بچے کو احمد آباد سول اسپتال لے گئے۔

اسپتال میں ایکسرے کے ذریعے تصدیق ہوئی کہ پلاسٹک کا ہلک بچے کے معدے میں پھنسا ہوا ہے۔

پیدیاٹرک سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر راکیش جوشی نے بتایا کہ یہ کوئی چھوٹا ٹکڑا نہیں بلکہ بازوؤں، ٹانگوں اور سر پر مشتمل مکمل کھلونا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ اتنے بڑے کھلونے کو غذا کی نالی اور معدے کے درمیان موجود قدرتی والو سے بغیر نقصان کے نکالا جائے، اگر یہ کھلونا آنتوں میں چلا جاتا تو رکاوٹ یا حتیٰ کہ آنت پھٹنے کا خطرہ بھی موجود تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق معدے میں موجود ہوا کے باعث کھلونا بار بار پھسل رہا تھا اور اگر اسے بازو یا ٹانگ سے کھینچا جاتا تو والو میں پھنس کر مستقل نقصان کا سبب بن سکتا تھا، انتہائی احتیاط اور مہارت کے ساتھ سرجنز نے کھلونے کو سر کے حصے سے مضبوطی سے پکڑ کر کامیابی سے باہر نکال لیا۔

خوش قسمتی سے بچہ اب مکمل طور پر صحت یاب ہو چکا ہے اور اس کی حالت تسلی بخش ہے۔

بچے کے والد نے اسپتال کے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو چھوٹے کھلونوں سے بغیر نگرانی کے کھیلنے نہ دیں، سول اسپتال کے ڈاکٹروں کی بروقت کارروائی اور مہارت کی بدولت میرا بیٹا آج محفوظ طریقے سے گھر جا رہا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید