کراچی (نیوز ڈیسک) ایمیزون کے شیئرز میں 9فیصد گراوٹ، بگ ٹیک کمپنیوں کو 1 ٹریلین ڈالرز کا نقصان۔ تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے شیئرز کی قیمت میں جمعہ کے روز 9 فیصد سے زائد کی بڑی گراوٹ دیکھی گئی۔ یہ کمی کمپنی کی جانب سے اخراجات کے بھاری بھرکم تخمینے کے بعد آئی، جس نے ان سرمایہ کاروں کو حیران کر دیا جو پہلے ہی اس خدشے میں مبتلا ہیں کہ مصنوعی ذہانت کا حالیہ عروج کہیں ایک ’’بلبلا‘‘ نہ بن جائے جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔ ای کامرس کی اس بڑی کمپنی نے جمعرات کے روز سرمایہ کاری کے اخراجات میں بڑے پیمانے پر اضافے کے منصوبوں کا اعلان کیا، جس کے ساتھ ہی وہ ان ٹیک کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے جنہوں نے حال ہی میں ایسے ہی اشارے دیے ہیں۔ اس سے قبل گوگل کی بنیادی کمپنی الفابیٹ، مائیکروسافٹ اور میٹا بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ اپنے اخراجات کے اس سلسلے کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صرف چوتھی سہ ماہی میں، ایمیزون، الفابیٹ، مائیکروسافٹ اور میٹا نے تقریباً 120 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے اخراجات رپورٹ کیے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، یہ اعداد و شمار اس سال 660 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتے ہیں، جو متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور اسرائیل جیسے ممالک کی مجموعی قومی پیداوار سے بھی زیادہ ہے۔فیکٹ سیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، ایمیزون، مائیکروسافٹ، اینویڈیا، میٹا، گوگل اور اوریکل نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اپنی مارکیٹ ویلیو سے اجتماعی طور پر 1 ٹریلین ڈالرز سے زائد کھو دیے ہیں۔