لاہور (جنرل رپورٹر) چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے بسنت کے پہلے روز محکمہ داخلہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک نے سکیورٹی پلان، فیلڈ مانیٹرنگ، ایمرجنسی رسپانس اور بین الادارہ جاتی رابطے بارے بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانے کے لئے بسنت کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہسپتال اور ریسکیو سروسز ہائی الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔