• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: فوجی یوشیدا میں چیری بلاسم فیسٹیول منسوخ، وجہ کیا بنی؟

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

جاپان کے شہر فوجی یوشیدا میں ہونے والا سالانہ چیری بلاسم فیسٹیول منسوخ کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سالانہ تقریب سیاحوں کی غیر معمولی تعداد اور اس کے باعث مقامی آبادی کو درپیش مسائل کے سبب منسوخ کیا گیا ہے۔

فوجی ‌یوشیدا ہر سال بہار کے موسم میں اپنے خوبصورت چیری بلاسم کے درختوں اور ماؤنٹ فوجی کے دلکش نظاروں کے باعث بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے، تاہم حکام کے مطابق حد سے زیادہ ہجوم نے مقامی باشندوں کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

سیاحوں کے رش کے باعث شہر میں شدید ٹریفک جام، کوڑا کرکٹ پھیلنے اور نجی املاک میں بلا اجازت داخل ہونے جیسے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے مقامی لوگوں کے لیے حالات کو سنبھالنا مشکل ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی یوشیدا کے میئر شیگیرو ہوریوچی نے کہا ہے کہ شہر اس صورتِ حال کو اپنی سلامتی اور سکون کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ سمجھتا ہے اور کمیونٹی کے امن پر اس کے اثرات پر گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیری بلاسم سیزن کے دوران روزانہ تقریباً 10 ہزار سیاح فوجی‌ یوشیدا کا رخ کرتے ہیں۔

شہری انتظامیہ کے مطابق بعض سیاحوں نے بغیر اجازت گھروں کے دروازے کھول کر بیت الخلاء استعمال کرنے کی کوشش کی، نجی املاک میں داخل ہوئے اور کوڑا پھینکا جبکہ مقامی افراد کی جانب سے توجہ دلانے پر ہنگامہ آرائی بھی کی گئی۔

حکام کے مطابق جاپانی ین کی قدر میں کمی اور سوشل میڈیا کے ذریعے مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ سیاحوں کے اضافے کی وجوہات میں شامل ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید