کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی غیر متزلزل حمایت کے اعادہ کے لیے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پاکستانی قونصل خانے میں یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کی توجہ کی متقاضی ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس قونصل عشر شہزاد کا کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک خطے کا نہیں بلکہ عالمی ضمیر کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے انصاف پسند لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے اس موقع پر اپنی انقلابی نظموں کے ذریعے کشمیری عوام کی قربانیوں اور جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام، افواج اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے کشمیر کاز کی غیر مشروط حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
تقریب میں سکھ امریکن کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر ہردم سنگھ آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کشمیری عوام کے ساتھ ان کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور بھارتی مظالم کی مذمت کرتی ہے۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی بھارتی تسلط، جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جسے شرکاء نے توجہ سے دیکھا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام کی آواز عالمی فورمز تک پہنچانے کے لیے سفارتی اور عوامی سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
قبل ازیں تقریب کے آغاز پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔
تقریب میں قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری، فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب، سکھ امریکن کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر ہردم سنگھ آزاد سمیت مختلف کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔