پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی نے افغانستان کے بلے باز رحمان اللّٰہ گرباز کی لیگ میں ڈائریکٹ سائننگ پر وضاحت جاری کردی۔
پشاور زلمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کے کرکٹر رحمان اللّٰہ گرباز کی حالیہ ڈائریکٹ سائننگ اس وقت کی گئی جب انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) دونوں کی جانب سے مکمل عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) موصول ہوچکا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ رحمان اللّٰہ گربار سائننگ کے وقت فراہم کردہ آفیشل لسٹ میں دستیاب بہترین آپشنز میں شامل تھے اور ان کی سائننگ مکمل طور پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی۔
فرنچائز نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خالصتاً پیشہ ورانہ اور کرکٹ بنیادوں پر کیا گیا، جو پاکستان سپر لیگ کے قواعد، پی سی بی کی ہدایات اور لیگ کے طے شدہ فریم ورک کے عین مطابق ہے۔ اس فیصلے میں میرٹ، ٹیم کی ضروریات اور طے شدہ ضابطہ کار کے علاوہ کسی بھی عنصر کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔
پشاور زلمی نے یہ بھی کہا کہ فرنچائز پی سی بی کی پالیسیوں اور فیصلوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی میں کام کرتی رہے گی۔
بیان میں شائقین کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا جذبہ، صبر اور غیر مشروط حمایت ہمیں مزید آگے بڑھنے، نئی مثالیں قائم کرنے اور اس فرنچائز کی اقدار کو برقرار رکھنے کی تحریک دیتی ہے۔
پشاور زلمی نے یہ بھی کہا کہ فرنچائز اپنی آئندہ ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان مناسب وقت پر کرے گی۔
واضح رہے کہ رحمان اللہ گرباز نے آج پاکستان سپر لیگ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ورلڈکپ کے بعد افغانستان میں اپنے امور انجام دینے ہیں جس کی وجہ سے وہ پی ایس ایل سے دستبردار ہورہے ہیں۔