آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال: کیا انبیاء اپنی قبروں میں زندہ ہیں اور اللہ کی عبادت کر رہے ہیں؟ اس کے متعلق ابوداؤد کی حدیث کئی بار نظروں سے گزری ہے، جب کہ کئی لوگ اس حدیث کو نہیں مانتے؟
جواب: حضرت عیسیٰ علیٰ نبیّنا و علیہ الصّلوات و التسلیمات کے علاوہ تمام اَنبیائے کرام علیہم السلام وفات کے بعد اپنی قبورِ مبارکہ میں زندہ ہیں، اور ان کی حیات دنیوی حیات کے مماثل، بلکہ اس سے بھی قوی ہے، اور دیگر تمام نیک لوگوں اور شہداء کی حیات سے بھی اَنبیائے کرام علیہم السلام کی حیات ممتاز، اَعلیٰ اور اَرفع ہے، اور وہ سب اللہ ربّ العزت کی ذات وصفات کے مشاہدہ میں مشغول ہیں، اور مختلف قسم کی عبادات میں مشغول ہیں، یہ ضروری نہیں ہے کہ سب نمازوں میں مشغول ہوں گے، بلکہ ممکن ہے کہ کسی کو یہ مشاہدہ بصورتِ نماز ہوتا ہو اور کسی کو بصورتِ تلاوت ہوتا ہو اور کسی کو اور طریقہ سے، بہرحال سب مشاہدۂ باری تعالیٰ میں ہیں۔
البتہ عالمِ برزخ میں انبیائے کرام علیہم السلام کی عبادات مکلف ہونے کے اعتبار سے نہیں ہیں، بلکہ بلا مکلف ہونے کے، صرف تلذّذ کے لیے ہے ۔حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ”انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام اپنی قبروں میں زندہ ہیں اور وہ نماز پڑھتے ہیں۔
علامہ سبکی رحمہ اللہ نے یہ حدیث سند کے ساتھ ذکر کرکے اس کے راویوں کی توثیق کی ہے اور اس روایت کو صحیح قرار دیا ہے۔ (شفاء السقام فی زیارۃ خیرالأنام للسبکی، الباب التاسع فی حیاۃ الأنبیاء علیھم الصلاۃ والسلام، الفصل الثالث فی سائرالموتٰی…، (ص: 179، 180) ط: مطبعۃ مجلس دائرۃ المعارف العثمانیۃ حیدرآباد دکن - فتح الباری لابن حجرالعسقلانی، کتاب أحادیث الأنبیاء، باب قول اللہ تعالیٰ( وَاذْکُرْفِی الْکِتٰبِ مَرْیَمَ…)(6/487) ط: رئاسۃ إداراۃ البحوث العلمیۃ والاافتاء … بالسعودیۃ - فتح الملھم للشیخ العثمانی، کتاب الایمان، باب الاسراء برسول اﷲ، وفرض الصلاۃ…، (1/ 329) ط: مدینۃ پریس بجنور)نیز اس حدیثڈ کی صحت سے متعلق مجمع الزوائد میں ہے کہ اس کے تمام راوی ثقہ ہیں۔ (ص: 8/ 188)
ملّاعلی قاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ حدیث کہ "انبیائے کرام علیہم السلام اپنی قبروں میں زندہ ہیں" صحیح ہے۔ (مرقاۃ، ص:2/ 212) فیض القدیر میں یہ حدیث روایت کرکے لکھا ہے کہ یہ حدیث صحیح ہے۔ (3/ 184) مدارج ا لنبوۃ میں ہے: مسند ابی یعلیٰ میں حضرت انس رضی اللہ عنہ کی مذکورہ حدیث کے راوی ثقہ ہیں۔ (ص: ۴۴۷، ج: ۲)"عن ثابت البنانی، عن أنس بن مالک، قال رسول الله ﷺ: «الأنبياء أحياء فی قبورھم يصلون." (مسند أبی يعلیٰ الموصلی، (6/ 147) - شفاء السقام فی زیارۃ خیر الانام للسبکی، ص 206، ط:مطبعۃ مجلس دائرۃ المعارف العثمانیۃ حیدرآباد دکن)
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk